میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو کے شہر جروار اور گردونواح میں زونگ نیٹ ورک کی طویل بندش کے باعث ہزاروں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ مقامی شہریوں اور کاروباری طبقے کے مطابق گزشتہ کئی گھنٹوں سے موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہے جس کی وجہ سے نہ صرف نجی روابط منقطع ہو چکے ہیں بلکہ تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ہزاروں صارفین کے ڈیٹا پیکجز اور آن لائن کام رک جانے سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے اس تعطل کو کمپنی کی نااہلی قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں نیٹ ورک کی دو سے تین گھنٹے کی بندش بھی کسی بڑی ایمرجنسی سے کم نہیں کیونکہ اس سے ہنگامی حالات میں کسی سے رابطہ کرنا ناممکن ہو جاتا ہے جو جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ متاثرہ صارفین اور سماجی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ ورک کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے اور سروس میں خلل ڈالنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹیکنیکل فالٹ دور کر کے کمیونیکیشن کا نظام درست نہ کیا گیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، کیونکہ اس تعطل سے انہیں مالی و ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔








