ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران کو بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کا مستقل وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس تقرری کو یونیورسٹی کے علمی وژن کو آگے بڑھانے، تحقیقی سرگرمیوں کو مضبوط کرنے اور ادارہ جاتی ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران اعلیٰ تعلیم کے انتظامی شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور علمی معیار، جدید تحقیق اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کی مضبوط علمی اور ادارہ جاتی بنیادوں کا قیام اور نئے تعلیمی اداروں کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل تلاش کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی کو ایک ترقی پسند، مؤثر اور جدید تعلیمی ادارے کے طور پر استوار کرنا ان کے وژن کا محور ہے، جس میں معیاری تدریس، تحقیقی فروغ اور دیرپا ترقی کو بنیادی اہداف کے طور پر اپنایا جائے گا۔

یونیورسٹی حکام، فیکلٹی اراکین اور عملے نے پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران کو اس شایانِ شان تقرری پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں یونیورسٹی اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی معیار کے حامل ادارے کے طور پر نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

Shares: