سکھر (باغی ٹی وی ،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی سربراہی میں سندھ پنجاب بارڈر پر ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی گئی، جس میں چار اغوا شدہ افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پنجاب کے علاقے سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو دھوکے سے بلا کر اغوا کر لیا گیا تھا، جن کی ویڈیو بھی ڈاکوؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھی اور ان سے تاوان طلب کیا جا رہا تھا۔ اغوا ہونے والے افراد کا ذریعہ معاش کھوجی کتوں کے ذریعے مجرموں کی نشاندہی کرنا بتایا جاتا ہے، جبکہ ان کے اغوا کا مقدمہ صادق آباد میں درج تھا۔

ڈی آئی جی سکھر رینج کی نگرانی میں ہونے والی اس ٹارگٹڈ کارروائی میں ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتراں کی قیادت میں پنجاب پولیس، ڈی پی او راجن پور، ایس ایس پی کشمور اور سندھ رینجرز کے باہمی تعاون سے پولیس مقابلے کے دوران مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ ڈاکوؤں کے گروہوں کے خلاف جاری آپریشن منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا اور علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Shares: