وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی کارکردگی کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا
اجلاس میں وزیراعظم کو ایف بی آر کے انسداد سمگلنگ اقدامات کی پیشرفت اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد سمگلنگ کی کامیاب کارروائیوں پر ایف بی آر کی پزیرائی کی اور کہا کہ ہر سال قوم کا اربوں روپے کا قیمتی سرمایہ سمگلنگ کی نذر ہوتا ہے، پاکستان کسٹمز کی کامیاب کارروائیوں سے سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی آنا قابل ستائش ہے، سمگلنگ کی روک تھام سے متعدد اشیاء اب قانونی طور پر درآمد ہو کر معیشت کا باضابطہ حصہ بن رہی ہیں،
وزیراعظم شہباز شریف نےٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹیکس چوری اور سمگلنگ کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف قانونی کارروائیوں میں ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی،اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیاکہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پورے ملک میں کسٹمز کا مربوط نظام نافذ ہے، راہگزر ایپ کے ذریعے پورے ملک میں پیٹرول پمپس کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے اور غیر قانونی پمپس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے،ضلعی انتظامیہ کو نئے پیٹرولیم ایکٹ کے تحت غیر قانونی مشینری ضبط کرنے کا اختیار دیا گیا ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی دروان نقل و حمل جی پی ایس ٹریکنگ کے لیے نظام نافذ العمل ہو چکا ہے، جولائی سے نومبر 2025 میں پیٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ روکنے کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں محصولات میں 82 فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ پانچ ماہ میں سگریٹ، ٹائرز، کپڑے، الیکٹرانکس اور متعدد دیگر مصنوعات کی غیر قانون سمگلنگ کے خلاف اقدامات کے نتیجے میں محصولات میں اضافہ ہوا ہے،اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چئیرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔








