انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے ایک مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کردیا۔

عدالت نے 9 مئی کو کلب چوک جی او آر کے گیٹ پر حملے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو بری کرنے کا حکم دیا۔ اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں کیس کا فیصلہ سنایا۔

اس کے علاوہ انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 برس قید کی سزا سنا دی،کیس میں دوران ٹرائل ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 21 ملزمان کے حتمی بیانات قلمبند کیے گئے جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے 56 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا،دوران ٹرائل چار ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا، عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت مجموعی طور پر 13 ملزمان کو بری کر دیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 8 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائیں،عدالت نے اشتہاری قرار دیے گئے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ اشتہاری قرار پانے والوں میں فاروق انجم، حبیب احمد، ارسلان اور اکبر خان شامل ہیں۔مقدمہ کے 25 ملزموں کا چالان عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

تھانہ ریس کورس نے کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملہ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے،ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے کلب چوک جی او آر گیٹ کے سیکیورٹی کیمرے توڑے، ملزمان نے پولیس کی وائر لیس اور جی او آر گیٹ کے شیشے بھی توڑے۔ ملزمان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہکاروں پر حملہ کیا،پی ٹی آئی رہنماؤں پر کارکنان کو 9 مئی بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام ہے.

Shares: