ڈیرہ اسماعیل خان،این ۔50 شاہراہ پر تحصیل درابن کے علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے فوجی افسر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں افسر زخمی ہو گئے۔

واقعہ گاؤں نیو گڑہ خان کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے ایک فوجی افسر کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔سیاہ ویگو گاڑی میں سوار فوجی افسر کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانب سفر کر رہے تھے کہ راستے میں دہشت گردوں نے سڑک پر عارضی چیک پوسٹ،رکاوٹ قائم کر کے گاڑی روکنے کی کوشش کی۔ گاڑی نہ روکنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود فوجی افسر زخمی ہو گئے۔زخمی ہونے والے افسر کی شناخت میجر مشتاق مروت کے نام سے ہوئی ہے، جو ای ایم ای کوئٹہ میں تعینات ہیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ زخمی افسر کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

Shares: