تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں واقع ایک مصروف سب وے (میٹرو) اسٹیشن پر دھواں چھوڑنے والے بم کے حملے اور بعد ازاں مسافروں پر حملے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تائیوان کے سرکاری خبر رساں ادارے سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق حملہ آور نے پہلے سب وے اسٹیشن کے اندر دھواں چھوڑنے والا بم پھینکا، جس سے پورا پلیٹ فارم دھوئیں سے بھر گیا۔ دھوئیں کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی، اسی دوران مبینہ طور پر حملہ آور نے متعدد مسافروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔پانچ افراد کو چاقو کے وار اور جسم کے مختلف حصوں پر کند ضربوں سے چوٹیں آئی ہیں،عینی شاہدین کے مطابق دھماکے جیسی آواز اور دھوئیں کے اچانک پھیلنے سے لوگ شدید خوف کا شکار ہو گئے اور جان بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں دوڑنے لگے۔ بعض مسافروں نے اسٹیشن سے باہر نکلنے کے لیے ایمرجنسی راستے استعمال کیے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی شروع کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور طبی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں چار افراد کی حالت نازک قرار دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں۔
تائیوان کے وزیرِاعظم چو جنگ تائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر جاری اپنے بیان میں واقعے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے اس مرحلے پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے صورتحال پر قابو پانے اور تحقیقات میں مصروف ہیں۔سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق حملہ آور کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نے حملے کے بعد خودکشی کر لی، تاہم اس حوالے سے بھی سرکاری سطح پر حتمی تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔








