لاہور: پنجاب اسمبلی کے ایم پی اے ہوسٹلز کی زیرِ تعمیر عمارت پر اُس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک نامعلوم شخص اچانک عمارت پر نصب کرین پر چڑھ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسمبلی سٹاف، سکیورٹی حکام اور ریسکیو اداروں کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم شخص نے کرین پر چڑھ کر مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کا مطالبہ کیا۔ واقعے کے باعث علاقے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سکیورٹی اداروں نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے عمارت اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا۔ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور نامعلوم شخص کو بحفاظت نیچے اتارنے کے لیے مذاکرات کا عمل شروع کیا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تاحال نامعلوم شخص کی شناخت اور اس کے کرین پر چڑھنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔ واقعے کے باعث کچھ دیر کے لیے پنجاب اسمبلی کے اطراف سکیورٹی الرٹ رہی۔








