مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی بھارتی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ سے مودی سرکار کی مکاری بے نقاب ہوئی ہے،اقوام متحدہ نے بھی تصدیق کر دی بھارت یکطرفہ معاہدہ ختم نہیں کر سکتا،پانی زندگی ہے،پاکستان پانی کے تحفظ کے لئے آخری دم تک جانے کو تیار ہے
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کر رہا ہے، نیلم وجہلم کا پانی گزشتہ روز بھارت نے روکا ہے، بھارتی آبی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین کی رپورٹ بھارتی جرائم کی کھلی داستان ہے،مودی سرکار مکاری و عیاری سے باز نہیں آ رہی،اقوام متحدہ رپورٹ میں بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار پاکستانی مؤقف کی تائید ہے،بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارتی یکطرفہ اقدامات کے خلاف حکمران واضح ،دو ٹوک مؤقف اپنائیں،پاکستان نے ہمیشہ معاہدوں کی پاسداری کی لیکن بھارت ہٹ دھرمی دکھاتا ہے،بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی روکنے سے پاکستان میں زراعت تباہ ہو گی،فصلوں پر اثر پڑے گا ،معیشت متاثر ہو گی،بھارت کی جانب سے پانی روکے جانے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر جواب طلبی کی جائے،عالمی ادارے بھی بھارتی اقدامات کا نوٹس لیں،مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھارت عمل نہیں کر رہا،اب اقوام متحدہ ماہرین نے بھارت سے جواب مانگا ہے،بھارت کو آبی جارحیت سے باز رہنا ہو گا، پاکستانی قوم پانیوں کے تحفظ کے لیے متحد و بیدار ہے.








