پاکستان انڈر 19 ایشیاء کپ کے فائنل میں پہنچ گیا
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیاء کپ کے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ میچ بارش کے باعث 27 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
سیمی فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی انڈر 19 ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عبدل سبحان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت بنگلادیش کی بیٹنگ لائن اپ دباؤ میں آ گئی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 نے نہایت پُراعتماد اور جارحانہ انداز اپنایا۔ قومی ٹیم نے 122 رنز کا ہدف صرف 17 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپننگ بلے باز سمیر منہاس نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 69 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دیگر بلے بازوں نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
ایونٹ کا فائنل اتوار کے روز دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں دونوں روایتی حریف ٹائٹل کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔








