ایلون مسک ہالی ووڈ اداکارہ سڈنی سوئینی کے بارے میں کیے گئے اپنے تبصرے کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
ایلونمسک نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اداکارہ کی جسمانی ساخت سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی، جسے صارفین کی بڑی تعداد نے نامناسب اور ’’توہین آمیز‘‘ قرار دیا،یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سڈنی سوئینی اپنی نئی سائیکو تھرلر فلم ’’دی ہاؤس میڈ‘‘ کے پریمیئر میں سفید لباس میں ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں۔
اسی دوران مسک نے ایک اے آئی سے تیار کردہ میم شیئر کی، جس میں ایک عورت کے جسمانی خدوخال کو طنزیہ انداز میں دکھایا گیا تھا اور کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ’’یہ آسان نہیں ہو سکتا‘‘ بعد ازاں ایک اور پوسٹ میں بھی اسی نوعیت کا تبصرہ کیا گیا۔
مسک کی پوسٹس وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ردعمل کی لہر دوڑ گئی متعدد صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تبصرے غیر ضروری اور توہین آمیز ہیں کئی صارفین نے انہیں اپنی توجہ ٹیکنالوجی اور خلائی منصوبوں پر مرکوز رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔
ادھر سڈنی سوئینی نے اس معاملے پر براہِ راست کوئی ردِعمل نہیں دیا، تاہم وہ اس سے قبل انٹرویوز میں ہالی ووڈ میں خواتین کو جسمانی بنیاد پر دیکھے جانے کے رجحان پر بات کرچکی ہیں ان کا کہنا ہے کہ انہیں یہ رویہ ’’یوفوریا‘‘ کے بعد سے برداشت کرنا پڑ رہا ہے اور وقت کے ساتھ وہ اس حقیقت کی عادی ہوچکی ہیں کہ لوگ اداکاروں کو ان کے کرداروں سے الگ نہیں کر پاتے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حالیہ مہینوں میں سڈنی سوئینی اپنی فلموں اور عوامی تقاریب میں شرکت کے باعث مسلسل خبروں میں رہی ہیں، جب کہ ایلون مسک کے اس تبصرے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شائستگی اور حدود پر بحث چھیڑ دی ہے۔








