اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد اور قریبی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ شمالی و مغربی بلوچستان، خیبرپختونخوا (کے پی)، گلگت بلتستان، کشمیر اور پوٹھوہار میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند یا اسموگ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
سیاحتی علاقوں مری، گلیات، ناران، کاغان سمیت بالائی علاقوں میں بھی برف باری کی پیش گوئی کی ہے اور مذکورہ علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے شمالی اضلاع میں بارش اور بعض علاقوں میں گرج چمک کا امکان ہے تاہم سندھ کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہے گا اور صوبے کے بالائی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم ہوگابلوچستان کے کئی اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر بھی برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برف باری سے سفری مشکلات کا خدشہ ہے۔








