کوہاٹ کے وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں ایمرجنسی کی صورتحال تشویشناک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک شہری نے ویڈیو بیان میں ہسپتال انتظامیہ اور صحت سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

شہری کے مطابق ہسپتال میں ایمرجنسی کے دوران بنیادی دوائیاں اور کینولا جیسی ضروری اشیاء بھی دستیاب نہیں، حالانکہ ان کی قیمت محض 500 روپے کے لگ بھگ ہے۔ شہری کا کہنا تھا کہ حکومت صحت کارڈ کے تحت دس لاکھ روپے تک کے علاج کا دعویٰ کرتی ہے، مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ جب ایمرجنسی میں بنیادی سہولیات میسر نہ ہوں تو مہنگے علاج کے دعوے بے معنی ہو جاتے ہیں۔ اس صورتحال نے نہ صرف مریضوں بلکہ ان کے لواحقین کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ میں فوری طور پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے۔

Shares: