اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ میں پاک بحریہ کے جدید جنگی جہاز کی شمولیت کو قومی بحری دفاع کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیتے ہو ئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے-
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے پی این ایس خیبر کی کمیشننگ پر پاک بحریہ، دفاعی ماہرین اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد دی، کہا کہ جدید بحری جہاز کی شمولیت سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کے تحفظ اور بحری سلامتی مزید مضبوط ہوگی،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
صدرِ مملکت نے دفاعی صنعت میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، کہا کہ بحری طاقت میں اضافہ پاکستان کی معیشت، تجارت اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے،ملجم کلاس جہازوں کا منصوبہ دونوں ممالک کی تکنیکی مہارت اور مشترکہ وژن کی کامیاب مثال ہے۔








