لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں تاحال پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پتنگ بازی کی اجازت صرف مخصوص تاریخوں میں دی جائے گی، جس کے علاوہ کسی بھی دن پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔ترجمان نے بتایا کہ پتنگ بازی کی اجازت 6، 7 اور 8 فروری کو دی جائے گی۔ ان مخصوص دنوں میں بھی اجازت ڈپٹی کمشنر کی منظوری سے مشروط ہو گی، اور ہر ضلع میں مقامی انتظامیہ حالات کے مطابق اجازت نامے جاری کرے گی۔محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ منظور شدہ تاریخوں اور شرائط کے علاوہ پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہو گی۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، مقررہ دنوں اور ضوابط کے مطابق ہی سرگرمی انجام دیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: