اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔
معروف عالمی ایئرپورٹ درجہ بندی ادارے اسکائی ٹریک (Skytrax) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو 3 اسٹار ایئرپورٹ رینکنگ دے دی ہے، جو ملک کے ہوابازی کے شعبے کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔اسکائی ٹریک کی جانب سے ایئرپورٹس کی درجہ بندی مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سروس کے معیار، صفائی، سیکورٹی، چیک اِن، امیگریشن، بورڈنگ کے عمل اور مجموعی مسافر تجربے کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ 3 اسٹار رینکنگ کا مطلب یہ ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر سہولیات اور قابلِ اطمینان خدمات فراہم کر رہا ہے۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق یہ درجہ بندی ایک مثبت آغاز ہے، تاہم ایئرپورٹ کی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیفے، ریسٹورنٹس، ڈیوٹی فری شاپس، شاپنگ آپشنز، اور مسافروں کے لیے تفریحی و آرام دہ سہولیات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان شعبوں پر توجہ دی جائے تو مستقبل میں اسلام آباد ایئرپورٹ 4 یا 5 اسٹار رینکنگ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی اسکائی ٹریک کی جانب سے 3 اسٹار رینکنگ دی گئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رینکنگ کا عمل سخت معیار کے تحت انجام دیا جاتا ہے اور صرف بڑے یا مصروف ایئرپورٹس کو ہی اعلیٰ درجہ نہیں دیا جاتا۔








