اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے کرسمس کی آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مختلف گرجا گھروں کا تفصیلی دورہ کیا اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او نے کیتھولک چرچ، ناصری چرچ اور کرائسٹ چرچ میں سیکیورٹی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور وہاں ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ محمد راشد ہدایت نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسیحی برادری کے تہوار کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔
ڈی پی او اوکاڑہ کا مزید کہنا تھا کہ چرچز کے ساتھ ساتھ فیملی پارکس، عوامی مقامات اور اہم شاہراہوں پر بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور مسیحی برادری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوکاڑہ پولیس پرامن کرسمس کے انعقاد کے لیے پوری طرح متحرک ہے اور سیکیورٹی ڈیوٹی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ناکہ جات اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی خوشیوں میں شریک ہو سکیں اور ضلع بھر میں بھائی چارے کی فضا قائم رہے۔








