پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر سدرا نواز شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ ان کے نکاح کی تقریب لاہور میں سادگی اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں قریبی عزیز و اقارب اور اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق سدرا نواز کا نکاح غیاث خان سے ہوا، جبکہ شادی کی مرکزی تقریب بھی آج لاہور میں منعقد کی جا رہی ہے۔ نکاح کی تقریب کے موقع پر دلہن کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا اور نئی زندگی کے آغاز پر جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔شادی سے قبل سدرا نواز کی مہندی اور مایوں کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں، جن میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ساتھی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ان تقریبات میں قومی ٹیم کی کھلاڑیوں کی موجودگی نے خوشیوں کو دوبالا کر دیا، جبکہ ٹیم کی جانب سے سدرا نواز کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد بھی دی گئی۔
یاد رہے کہ سدرا نواز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نمایاں وکٹ کیپر بیٹر ہیں اور مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ ان کی شادی کی خبر سوشل میڈیا پر بھی زیرِ گردش رہی، جہاں شائقینِ کرکٹ اور ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔







