چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قومی سلامتی کے بدلتے ہوئے اور پیچیدہ چیلنجز پر تفصیلی خطاب کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس میں شریک سول اور عسکری افسران کے پینل کی جانب سے فیلڈ مارشل کو پاکستان کو درپیش سلامتی کے مسائل اور ان سے نمٹنے کے لیے درکار اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی،اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کو بیک وقت متعدد اور مسلسل نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں روایتی اور غیر روایتی خطرات کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس، سائبر، اطلاعاتی، عسکری اور معاشی محاذ شامل ہیں۔ انہوں نے عالمی، علاقائی اور داخلی سطح پر تیزی سے بدلتے ہوئے سلامتی کے منظرنامے کو انتہائی پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں مؤثر دفاع اور استحکام کے لیے ہمہ جہتی تیاری ناگزیر ہے۔فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مربوط ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر براہِ راست محاذ آرائی کے بجائے بالواسطہ اور مبہم حکمتِ عملی اختیار کر رہے ہیں، جن میں پراکسیز کے ذریعے داخلی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا شامل ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مستقبل کی قیادت پر زور دیا کہ وہ ان پیچیدہ، کثیرالجہتی اور فکری و ادراکی چیلنجز کو بروقت پہچاننے اور انہیں مؤثر انداز میں ناکام بنانے کی صلاحیت پیدا کرے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس امر پر بھی زور دیا کہ غیر یقینی حالات میں واضح، بروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت اور فکری مضبوطی آج کے پھیلے ہوئے اور متنازع سلامتی ماحول میں انتہائی اہم اوصاف ہیں،فیلڈ مارشل نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ڈی یو اسٹریٹجک سوچ رکھنے والے رہنماؤں کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جو علمی اور پیشہ ورانہ تربیت کو مؤثر پالیسی سازی اور عملی نتائج میں ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ عسکری تعلیم ادارہ جاتی صلاحیت مضبوط بنانے، مقامی استعداد بڑھانے اور طویل المدتی قومی استحکام کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کورس میں شریک افسران کی تجزیاتی سوچ اور فکری معیار کو سراہا اور انہیں دیانت، نظم و ضبط اور بے لوث خدمت کی اقدار پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کی۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر یونیورسٹی کے صدر نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا پرتپاک استقبال کیا۔

Shares: