لنڈی کوتل(باغی ٹی وی)ضلع خیبر کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقے بازار ذخہ خیل کے مشران اور وی سی 13 کے چیئرمین حاجی فتح گل آفریدی نے حاجی عباس آفریدی، اسد علی اور دیگر عمائدین کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکام کی بے حسی اور علاقے کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ مشران کا کہنا تھا کہ وی سی 13، علاقہ الاچہ، برگ اور کرمنہ کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور ٹیسکو حکام کی جانب سے ان کے ساتھ سراسر ظلم جاری ہے، جس کی واضح مثال یہ ہے کہ ان کے اپنے فیڈر کی بجلی علاقہ خیبر میں قائم کرش پلانٹس کو فراہم کی جا رہی ہے جبکہ مقامی آبادی اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے اور صورتحال اس حد تک سنگین ہے کہ خواتین دور دراز علاقوں سے سروں پر پانی ڈھو کر لانے پر مجبور ہیں۔ مشران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجلی کی سپلائی لائنوں کے اخراجات برداشت کیے ہیں، اس کے باوجود انہیں ان کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب موبائل نیٹ ورک کی کمزوری کی وجہ سے وہ بیرون ملک مقیم اپنے رشتہ داروں سے رابطے تک سے قاصر ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران مشران نے دو ٹوک الفاظ میں مطالبہ کیا کہ اگر علاقے میں بجلی اور موبائل نیٹ ورک کے مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو وہ احتجاجاً آنے والی پولیو مہم کا مکمل بائیکاٹ کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

Shares: