نوٹیفکیشن بعد میں، چھٹیاں پہلے؟ قصور میں تعلیمی بدانتظامی پر سوالات اٹھ گئے
قصور میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔ موسمِ سرما کی تعطیلات شروع ہوئے دو دن گزر جانے کے باوجود سی ای او ایجوکیشن قصور کی جانب سے نوٹیفکیشن کا اجرا تاخیر سے کیا گیا، جس پر والدین، اساتذہ اور شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر تعطیلات کا فیصلہ پہلے سے موجود تھا تو نوٹیفکیشن بروقت کیوں جاری نہیں کیا گیا؟ تاخیر سے اطلاع دینا نہ صرف انتظامی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بنتا ہے۔
عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا سی ای او ایجوکیشن اور دیگر ذمہ دار افسران محض فائلوں پر دستخط تک محدود ہو چکے ہیں؟ کیا بروقت فیصلے اور عوام کو اطلاع دینا اب ذمہ داری نہیں رہی، یا تعلیم جیسے سنجیدہ شعبے کو رسمی کارروائی سمجھ لیا گیا ہے؟
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے اہم فیصلوں کے نوٹیفکیشن وقت پر جاری کیے جائیں، تاخیر کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور تعلیم جیسے حساس شعبے کو غیر سنجیدگی کا شکار ہونے سے بچایا جائے۔
عوام کا واضح پیغام ہے کہ تعلیم مذاق نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، جس میں غفلت کا خمیازہ براہِ راست طلبہ کے مستقبل کو بھگتنا پڑتا ہے

Shares: