سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر کرسمس کے موقع پر مسیحیوں کی عبادت گاہوں میں چراغاں اور واشنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ شہر میں کرسمس بازار بھی قائم کر دیے گئے ہیں جہاں آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے یہ بات جناح ہال قلعہ میں ایس ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سی او میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو، ایم ڈی ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز رندھاوا اور مسیحی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ قائداعظم کے پاکستان میں تمام مذاہب کو مساوی شہری حقوق حاصل ہیں اور ہر شہری اپنے عقیدے کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی برادری کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔

Shares: