گوجرخان (قمرشہزاد) تھانہ گوجرخان کی حدود تکیہ بابا رحیم شاہ میں غیرت کے نام پر والد نے بیٹی اور آشنا کو قتل کر دیا جبکہ بیوی نے شوہر کو روکنے کی کوشش کی تو فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی سید دانیال حسن، ایس ایچ او مرزا طیب ظہیر بیگ اور انچارج ایچ آئی یو راجہ تصدق پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، فرانزک ٹیم نے شواہد حاصل کیے جبکہ نعشوں اور مضروبہ کو ریسکیو کی امدادی ٹیموں کے ذریعے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرخان منتقل کیا گیا۔
واقعے کا سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی جبکہ ایس پی انویسٹیگیشن ناصر خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اپنی تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مقتولہ مقامی پوٹھوہار میڈیکل کمپلیکس میں بطور ریسپشنسٹ کام کرتی تھی۔ والد (ن) نے بیٹی (ش) اور آشنا (ر) کو گھر میں اکٹھے پایا اور فائرنگ کر دی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے جبکہ ملزم کی بیوی مضروبہ جسکو تین فائر لگے تھے شدید زخمی حالت میں اسے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔








