گوجرخان (قمرشہزاد) واٹر سپلائی کا شہر میں بدترین بحران جاری ہے. سردی کے موسم میں بھی شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں. کئی کئی دن تک پانی کے منتظر رہنے والے شہری سراپا احتجاج ہیں.

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی گوجرخان کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد عمیر نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا. جماعت اسلامی کے وفد نے مطالبہ کیا کہ پانی کے شدید بحران پر قابو پانے کے لیے جلد از جلد کم از کم پانچ نئے ٹیوب ویل بنائے جائیں اور موجودہ ٹیوب ویل کی مرمت کرا کر انہیں فنکشنل بنایا جائے. واٹر سپلائی کو باقاعدہ بناتے ہوئے شیڈول جاری کیا جائے اور متعلقہ سپلائی انچارج کا نمبر بھی مشتہر کیا جائے. شہریوں کے علم میں ہو کہ ان کے علاقے میں پانی کس دن مہیا کیا جائے گا. پانی کی سپلائی کا درمیانی وقفہ کم سے کم کیا جائے. اس موقع پر صدر مرکزی انجمن تاجراں گوجرخان راجہ محمد جواد اور مرزا تیمور وارثی نے بھی جماعت اسلامی کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے جلد از جلد اس بحران پر قابو پانے کا مطالبہ کیا. اسسٹنٹ کمشنر نے واٹر سپلائی کے حوالے سے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے موقع پر ہی متعلقہ محکمہ کو احکامات جاری کر دئیے.

جماعت اسلامی کے وفد میں موجود یوتھ کے ذمہ داران ڈاکٹر راجہ محمد عَبْدُہُ، سہیل عباس قریشی اور قیصر محمود نے مطالبہ کیا کہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں کھڑی بس کے باعث کھیل کی سرگرمیاں متاثر ہیں. بس کو سٹیڈیم سے کسی اور مقام پر منتقل کیا جائے. جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ آنے والے چند دنوں میں بس کو اسٹیڈیم سے ہٹا کر کھیل کی سرگرمیوں کے لیے بحال کر دیا جائے گا.

Shares: