ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران نے منصب سنبھالنے کے بعد پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار میں بہتری، ادارہ جاتی ترقی اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران نے چیئرمین پی ایچ ای سی کو یونیورسٹی کے تعلیمی وژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تدریسی و تحقیقی معیار کو مزید بہتر بنانا، تحقیق کے کلچر کو فروغ دینا اور ادارے کو صوبائی اعلیٰ تعلیمی پالیسیوں سے ہم آہنگ کرنا ان کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی پی ایچ ای سی کے تمام ضوابط اور معیارات پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے صوبے کے تعلیمی نظام میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
چیئرمین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے وائس چانسلر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کمیشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ای سی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ملاقات کے اختتام پر بابا گورو نانک یونیورسٹی اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، تاکہ تعلیمی معیار، تحقیق اور بہتر انتظامی ڈھانچے کے ذریعے پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔








