ننکانہ صاحب (نامہ نگار، احسان اللہ ایاز)تحصیل بار شاہ کوٹ کے سالانہ انتخابات کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئے، جن میں محمد اعتصام بلال ملک ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کو بلا مقابلہ ایگزیکٹو ممبر منتخب کر لیا گیا۔ ان کی بلا مقابلہ کامیابی کو وکلاء برادری کے بھرپور اعتماد اور اتحاد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد بار کے سینئر وکلاء، عہدیداران اور ممبران نے محمد اعتصام بلال ملک ایڈووکیٹ کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وکلاء کا کہنا تھا کہ محمد اعتصام بلال ملک ایک باصلاحیت، محنتی اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والے وکیل ہیں، جو وکلاء برادری کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مبارکباد دینے والوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب ایگزیکٹو ممبر قانون و انصاف کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے وکلاء برادری کے وقار میں مزید اضافہ کریں گے اور تحصیل بار شاہ کوٹ کو ایک فعال اور مضبوط پلیٹ فارم بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔
محمد اعتصام بلال ملک ایڈووکیٹ کی بلا مقابلہ کامیابی کو تحصیل بار شاہ کوٹ میں اتفاقِ رائے، اتحاد اور مثبت جمہوری روایات کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔







