ایک کالم صرف لڑکیوں کیلئے۔۔۔ تحریر:شاہد نسیم چوہدری

karachi

یہ دور سوشل میڈیا کا ہے، جہاں فاصلے سمٹ چکے ہیں، اور ہر کوئی دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر کسی سے بھی رابطہ کر سکتا ہے۔ محبت کے جذبات بھی ان ڈیجیٹل راستوں پر بہنے لگے ہیں، جہاں ایک تصویر، ایک میسج، ایک ویڈیو کال کسی کو دل کے قریب کر دیتی ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ محبت حقیقت میں بھی اتنی ہی گہری اور سچی ہوتی ہے جتنی کہ دکھائی دیتی ہے؟اونیجا اینڈریو رابنس نامی یہ امریکی خاتون گذشتہ کئی دنوں سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موجود ہیں اور اُس کی موجودگی خبروں اور تبصروں کی زینت بن رہی ہے۔ویزا کی معیاد پوری ہونے اور پاکستانی اور امریکی حکام کی متعدد کوششوں کے باوجود وہ واپس امریکہ جانے سے انکاری ہیں۔ اُن کا دعویٰ ہے کہ وہ کراچی میں ایک پاکستانی نوجوان کی محبت میں مبتلا ہو کر اُس کی تلاش میں پہنچی تھیں۔

یہ کہانی ایک ایسی لڑکی کی ہے جو امریکہ میں پلی بڑھی، آزادی اور خودمختاری کی زندگی گزار رہی تھی۔ مگر دل پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا۔ فیس بک پر ایک پاکستانی نوجوان سے دوستی ہوئی، اور پھر یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔ دن رات کی گفتگو، وعدے، خواب، اور یقین دہانیاں اسے اس حد تک لے آئیں کہ اس نے اپنا سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا۔یہ اس کامحبت کا سفر تھا یا زندگی کی سب سے بڑی غلطی؟۔یہ لڑکی سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آئی، دل میں خوشی، امید، اور محبت کا چراغ جلائے۔ اس نے یقین کر لیا تھا کہ جس شخص سے وہ ملنے جا رہی ہے، وہ اس کا سچا محبت کرنے والا ہے، جو اسے عزت، خوشی اور تحفظ دے گا۔ لیکن جیسے ہی وہ پاکستان پہنچی، اس کا خواب ٹوٹ گیا۔ وہ لڑکا جو اسے ایئرپورٹ پر لینے آنا تھا، غائب ہو چکا تھا۔بار بار کال کرنے پر بھی کوئی جواب نہیں، میسجز بھیجنے پر کوئی ردعمل نہیں، اور جب اس نے گھر والوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو پتا چلا کہ وہ لڑکا حقیقت میں کہیں اور مصروف تھا، اور اس کے جذبات محض ایک کھیل تھے۔ وہ لڑکی ایک اجنبی ملک میں، اکیلی، بے سہارا، اور دل شکستہ کھڑی رہ گئی۔

یہ کہانی ایک سبق ہے۔یہ صرف ایک کہانی نہیں، بلکہ ایک سبق ہے ان تمام لڑکیوں کے لیے جو سوشل میڈیا کی محبت کو حقیقت سمجھ کر اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کر بیٹھتی ہیں۔محبت ایک خوبصورت جذبہ ہے، لیکن یہ ضروری ہے کہ محبت اور دھوکہ میں فرق کیا جائے۔ فیس بک، انسٹاگرام، یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کسی کے میٹھے بول اور جھوٹی محبت کے جال میں آ کر اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنا ایک بڑی نادانی ہے۔آنکھیں بند کر کے اعتبار نہ کریں۔سوشل میڈیا پر کسی سے تعلق بنانا آسان ہے، لیکن اعتبار کرنے سے پہلے تحقیق کرنا ضروری ہے۔ جو شخص آپ سے محبت کا دعویٰ کرتا ہے، وہ حقیقت میں کیسا ہے؟ کیا اس کی باتوں میں سچائی ہے؟ کیا وہ واقعی آپ کے لیے کچھ کر سکتا ہے یا محض وقت گزاری کر رہا ہے؟ یہ سب جانچنا ضروری ہے۔محبت میں جلد بازی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔محبت ایک خوبصورت احساس ہے، لیکن اگر یہ جذبات میں بہہ کر کی جائے تو نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ کسی سے محض آن لائن بات چیت کے بعد اس پر اپنی زندگی کا فیصلہ کرنا حماقت ہے۔اپنے خاندان کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔اگر کوئی واقعی آپ سے محبت کرتا ہے تو وہ آپ کے خاندان کے سامنے آنے سے نہیں گھبرائے گا۔ اگر کوئی شخص آپ کو چھپ کر، خفیہ طور پر ملنے یا کسی اور ملک آنے کے لیے مجبور کر رہا ہے تو یہ واضح اشارہ ہے کہ کچھ غلط ہے۔ خود کو قیمتی سمجھیں ،کسی بھی لڑکی کی عزت، خودداری، اور زندگی کسی کے جھوٹے وعدوں سے زیادہ قیمتی ہے۔ کوئی بھی شخص جو آپ کی سچائی کا فائدہ اٹھا کر آپ کے جذبات سے کھیل رہا ہو، وہ آپ کے لائق نہیں۔ایسی کہانیوں کو دہرانے سے کیسے بچا جائے؟یہ صرف ایک کہانی نہیں، بلکہ سوشل میڈیا پر ہونے والے ان گنت دھوکوں میں سے ایک ہے۔

آئے دن ہم ایسی خبریں سنتے ہیں کہ کسی لڑکی نے کسی اجنبی پر بھروسہ کر کے اپنی زندگی برباد کر لی۔ اس سے بچنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر اپنائی جا سکتی ہیں: کسی سے آن لائن دوستی ہونے پر پہلے مکمل تحقیق کریں۔ محبت کے جذبات میں جلد بازی نہ کریں۔کسی اجنبی پر بغیر ملے اور سمجھے اعتبار نہ کریں۔اگر کوئی شخص سچی محبت کرتا ہے تو وہ کبھی بھی آپ کو خود سے الگ نہیں کرے گ۔ااپنی عزت نفس، خودمختاری اور وقار کو ہر چیز سے زیادہ اہم رکھیں۔اس کے نتیجہ میں سچی محبت وہی ہے جو عزت دے۔سچی محبت وہی ہوتی ہے جو عزت دے، اعتماد دے، اور سب کے سامنے ہو۔ جو محبت چھپانی پڑے، جو آن لائن وعدوں اور جھوٹے خوابوں پر قائم ہو، وہ محض ایک دھوکہ ہوتی ہے۔وہ امریکی لڑکی شاید اب اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی پر پچھتا رہی ہو گی، لیکن اگر اس کی کہانی کسی اور لڑکی کے لیے سبق بن جائے، تو شاید وہ اپنی زندگی برباد ہونے سے بچا سکے۔ محبت خوبصورت ہے، لیکن اس کے لیے آنکھیں کھلی رکھنا ضروری ہیں۔یاد رکھیں عزت ہی سب کچھ ہے۔عزت وہ اثاثہ ہے جو نہ خریدا جا سکتا ہے، نہ کسی کو دے کر واپس لیا جا سکتا ہے۔ یہ وہ قیمتی متاع ہے جو اگر ایک بار ہاتھ سے نکل جائے تو پوری زندگی کی تگ و دو بھی اسے واپس نہیں لا سکتی۔ دولت، شہرت، محبت سب کچھ فانی ہے، مگر عزت وہ دائمی دولت ہے جو انسان کی پہچان بنتی ہے۔ جو عزت کو قربان کر دے، وہ سب کچھ کھو دیتا ہے۔ اپنی عزت کی حفاظت کرنا ہی اصل کامیابی ہے، کیونکہ دنیا میں اگر کوئی چیز سب سے قیمتی ہے، تو وہ عزت ہے—اور عزت ہی سب کچھ ہے!یہ کالم صرف لڑکیوں کے لئے ہے، امریکن لڑکی کی حالت پر غور کریں اس سے سبق سیکھیں،کیونکہ جو آپکے لئے آپ کے والدین سوچتے ہیں ، اسی میں عافیت اور بھلائی ہے، وگرنہ فیس بک کی دوستی پرامریکن لڑکی کی پاکستانی لڑکے سے شادی کے نام پر ذلالت تو آپ نے دیکھ ہی لی ہے

Comments are closed.