مفتاح اسماعیل سے ٹیلی کام سیکٹر کے وفد کی ملاقات

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ٹیلی کام سیکٹر کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ٹیلی کام سیکٹر کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں وفد نے وزیر خزانہ کو پاکستان کی معاشی ترقی میں آئی ٹی سیکٹر کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر وفد نے لگژری اشیاء کے دائرہ کار میں نہ آنے والی اشیاء پرسیلز ٹیکس کمی کی استدعا کی۔وفد نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔وفد کا مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی ترقی سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے، برآمدات بڑھنے سے جی ڈی پی کی مجموعی نمو میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

ملاقات میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفد کو ٹیکس کے مسائل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ وزیر خزانہ نے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے کردار کو بھی سراہا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلقہ برآمدات کو بڑھانے میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے پر زور دیا جبکہ وفد نے حمایت اور تعاون پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔

وفد میں سی ای او جاز عامر ابراہیم اور سی ای او ٹیلی نار گروپ وحدت خان شامل تھے جبکہ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، چیئرمین پی ٹی اے، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران کی بھی شرکت کی۔

Comments are closed.