ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی)ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب کی حدود میں زرعی زمینوں پر غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کی تعمیر سے غذائی تحفظ اور ماحولیاتی توازن بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ حکومتی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کی مبینہ ملی بھگت سے زرعی اراضی کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق یہ عمل نہ صرف غذائی پیداوار میں کمی کا سبب بن رہا ہے بلکہ پانی کے ذخائر میں بھی شدید کمی ہو رہی ہے۔ زمین کی قدرتی صلاحیت ختم ہو رہی ہے، جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے زرعی زمینوں کو رہائشی منصوبوں میں تبدیل کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، لیکن ڈسٹرکٹ کونسل کی پلاننگ برانچ قوانین کو نظرانداز کر رہی ہے۔ ڈی او پلاننگ کی جانب سے ان غیر قانونی اسکیموں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور چیف آفیسر ضلع کونسل اختر بٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، ملوث افسران کو جوابدہ بنایا جائے، اور سخت قوانین کا نفاذ یقینی بنایا جائے تاکہ ماحولیاتی اور زرعی نقصان کو روکا جا سکے۔
یہ مسئلہ نہ صرف مقامی کسانوں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔