کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے بولان میں نامعلوم افراد نے بارہ انچ کی گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔اطلاعات کے مطابق سوئی سدر گیس کمپنی نے بولان کے علاقے سراج آباد میں بارہ انچ کی گیس لائن دھماکا خیز مواد سے اڑانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لائن تباہ ہونے سے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
سوئی گیس حکام نے گیس پائپ لائن کی مرمت کے حوالے سے کہا کہ سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد مرمت کا کام کل شروع کیا جائے گا، کام مکمل نہ ہونے تک کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے اور کارروائی میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
اس سے پہلے آج آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقوں خضدار اور بسیمہ کا دورہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے استقبال کیا۔ آرمی چیف کو سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں سے بات چیت میں آرمی چیف نے نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کےلیے غیر ملکی سپانسر اور حمایت یافتہ دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کےلیے بہترین آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم پاکستان کے بیرونی دشمنوں کے بلوچستان میں محنت سے کمائے گئے پرامن ماحول کو خراب کرنے کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ فوج کی تعیناتی اور آپریشنز پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔