گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمدرمضان نوشاہی)گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں ڈی ایس پی آفس کے باہر ایک نوجوان نے خود کو آگ لگا لی۔ اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
جھلسنے والے نوجوان کا نام عبید الرحمن ہے جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے،عبید الرحمن نے اپنے بیان میں اپنی بیوی کے اغواء کا مقدمہ سٹی کامونکی تھانہ میں درج کروایا تھا۔عبید الرحمن نے اغواء کے مقدمے میں ثاقب، عاقب اور صائمہ بی بی کو نامزد کیا ہے۔
نامزد ملزم ثاقب عمرہ کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک ہے، عاقب نشے کا عادی ہے اور میاں افضل ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ صائمہ کی گرفتاری التواء میں ہے۔فریقین کی گزشتہ چند سالوں سے باہمی مقدمہ بازی چل رہی ہے۔
سی پی او کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن موقع پر پہنچے۔واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے انکوائری کی جا رہی ہے۔
اگر کسی پولیس آفیسر کی غلطی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
سی پی او محمد ایاز سلیم کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی ہر پہلو سے گہرائی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برتنے والے افسر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔