لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) تحصیل جمرود کے علاقے سخی پل پٹے اوبہ میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خیبر پولیس کا اہلکار عبدالخالق شہید ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار معمول کے مطابق پولیو ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ گھات لگائے نامعلوم حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گیا۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ پولیو ٹیموں اور ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملے ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں۔ دہشت گرد عناصر انسداد پولیو مہم میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت اور سیکیورٹی ادارے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہید اہلکار کے اہل خانہ کے لیے خصوصی امداد اور تحفظ کے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکار بغیر کسی خوف کے اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔