کراچی (باغی ٹی وی)کورنگی میں 5 دن سے لگی آگ کے بارے میں ماہرِ ارضیات ڈاکٹر عدنان خان نے حیران کن باتیں بتائی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ آگ کئی مہینوں تک جل سکتی ہے کیونکہ زمین کے نیچے میتھین گیس کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔
ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ کورنگی کریک کے نیچے 2 کروڑ 50 لاکھ سال پرانی چٹانیں ہیں، جن میں دراڑوں کی وجہ سے گیس باہر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گیس پاکستان کے لیے بہت فائدہ مند ہو سکتی ہے اگر اسے صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے تجویز دی کہ آگ کو فوری طور پر محفوظ طریقے سے بجھایا جائے اور گیس کے دباؤ کو چیک کیا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کتنا ذخیرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان چٹانوں میں گیس کے ساتھ کوئلے کے بھی آثار ہیں اور اگر ذخیرہ بڑا ہوا تو آگ لمبے عرصے تک جل سکتی ہے۔
ڈاکٹر عدنان نے یہ بھی بتایا کہ 1963 سے 2019 تک کے سروے سے پتا چلا ہے کہ کورنگی کریک میں تیل اور گیس کے ذخائر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ اس جگہ کا ارضیاتی جائزہ لیا جائے تاکہ گیس ضائع نہ ہو اور اس سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔