شیخوپورہ : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مسز شاہدہ سعید نے سول جج ملک علی میراں کے ہمراہ دارالامان کا اچانک دورہ

باغی ٹی وی:شیخوپورہ(محمد طلال سے)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مسز شاہدہ سعید نے سول جج ملک علی میراں کے ہمراہ دارالامان کا اچانک دورہ کیا اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ دارالامان اسماء عابد نے استقبال کیا اور رہائشی خواتین کو دی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی، دورہ کے دوران ڈسٹرکٹ جج مسز شاہدہ سعید نے دارالامان میں مقیم خواتین اور بچوں کو دی جانے والی سہولیات کا ازخود جائزہ لیا اور رہائشی خواتین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ سول جج ملک علی میراں نے دارالامان کے اکاؤنٹس سے متعلقہ ریکارڈ چیک کیا، کھانے کے معیار اور رہائشی کمروں، حاضری رجسٹر اور سیکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا، اس موقع پر رہائشی خواتین کیلئے بہترین بستر اور کھانے پینے کے انتظامات اور انہیں حاصل دستکاری کی سہولت و تعلیمی سر گرمیوں کو تسلی بخش قرار دیا اور سپرنٹنڈنٹ دارالامان مس اسماء عابد کی کارکردگی کو سراہا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مسز شاہدہ سعید کا کہنا تھا کہ دارالامان میں رہائش پذیر خواتین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں دارالامان میں معاشرتی رویوں سے متاثرہ خواتین کو عدالتی حکم پر بھیجا جاتا ہے اور ان بے سہارا خواتین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ قانونی معاونت بھی عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔

Leave a reply