پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ باجوڑ میں آپریشن کے دوران مقامی آبادی کے جان ومال کو حکومت تحفظ فراہم کرے،ریاست اپنی رٹ ضرور قائم کرے لیکن مقامی آبادی کو نقصان پہنچا کر نہیں،بیرونی عناصر کے ہاتھوں استعمال ہونے والے دہشتگردوں کو بھی چاہئے کہ وہ سرنڈر کریں ،پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں،ملک کو امن کا گہوارہ اتحاد و یکجہتی سے ہی بنایا جا سکتا ہے.

خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں آپریشن جاری ہے اس دوران حکومت کو مقامی آبادی کا خیال رکھنا ہو گا،خواتین اور بچوں سمیت مقامی افراد کو تحفظ فراہم کرنا اور انکے جان و مال کا خیال رکھنا حکومت کی ہی ذمہ داری ہے،آپریشن کے دوران اس امر کا خیال رکھنا چاہیے کہ کسی بے گناہ شہری کو نقصان نہ پہنچے،دہشت گرد عناصر اس حقیقت کو سمجھیں کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا ملک ہے، اور اس کے خلاف ہتھیار اٹھانا نہ صرف ریاست کے خلاف بغاوت ہے بلکہ اسلامی اصولوں کے بھی منافی ہے۔پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے ریاست کے سامنے سرنڈر کریں اور پاکستان کو ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، فورسز کے جوانوں کی طرح عام شہری بھی شہید ہوئے،اب وقت ہے کہ جس اتحاد ویکجہتی کے ساتھ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا تھا اسی طرح متحد ہوکر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے.

Shares: