ایک صاحب ریٹائرڈ ہوگئے. اچھا بھلا ریٹائرمنٹ فنڈ ملا. بچے تعلیم کے آخری مراحل میں تھے. کسی نے ان سے پوچھا کہ اب کیا پروگرام ہے. انہوں نے کہا کچھ نہیں اب اللہ اللہ کریں گے. پوچھنے والے نے کہا ایسے تو سارا فنڈ آپ گھر بیٹھ کر کھا جائیں گے. کسی کاروبار کی سوچ لیں. ان صاحب نے کہا بھائی مجھے کاروبار کی نہ سمجھ نہ تجربہ نہ شوق ہے. بجائے اپنا فنڈ مارکیٹ میں دوسروں کو کھلانے سے کیا بہتر نہیں کہ گھر بیٹھ کر خود اور اپنے بچوں کو کھلا دوں.؟

آدمی کو خود سے ہمیشہ سچ بولنا چاہئے. ہماری مارکیٹ میں ہر دوسرے دن ایک نیا ڈبل شاہ نہ صرف پیدا ہوتا ہے بلکہ کامیابی سے سب کو چونا بھی لگاتا ہے کیونکہ ہم خود سے بھی جھوٹ بولتے ہیں. جس مارکیٹ میں دس سے بیس فیصد ریٹرن کیلئے لوگ صبح سے رات تک لڑ رہے ہوتے ہیں ایک بندہ بہت اعتماد سے بتائے گا میں آپ کو پچیس فیصد ریٹرن دوں گا.

ڈبل شاہ ہمیں ایک ایسا لالچ دیتا ہے جس کیلئے پھر ہم خود سے جھوٹ بولنے کیلئے تیار ہو جاتے ہیں. ہمیں ڈبل شاہ دھوکہ نہیں دیتا ہمیں ہمارا لالچ دھوکہ دیتا ہے. مارکیٹ سب کیلئے کھلی ہے خود سے سچ تب ہی ممکن ہوتا ہے جب آپ خود مارکیٹ میں بیٹھ کر اپنے فیصلے کریں. پھر نفع ہوا یا نقصان کم از کم آپ سچے ضرور ہوں گے.

Shares: