سیاسی گلیاروں میں دن بدن دھند میں اضافہ ہو رہا ہے عوام حیران و پریشان ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس اور سینٹ میں بیٹھے اپنے نمائندوں کو دیکھ رہے ہیں۔ انہیں اپنی حکومتوں، اپنے اقتدار کی تو فکر ہے ملک اور عوام کو جن مسائل کا سامنا ہے ان کو فکر نظر نہیں آرہی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں بیٹھے ارکان اسمبلی ملک اور قوم کے دعویداروں کو یاد رکھنا چاہیے کہ عوام ان سے مایوس ہو رہی ہے۔ آئین بنانے والوں نے تو بڑا خوبصورت آئین بنا کر دیا تھا آئین کی کتاب میں سب کچھ درج ہے مگر ہمارے ارکان پارلیمنٹ کا حساب کتاب آئین کو دیکھ کر کمزور نظر آتا ہے۔ آئینی سوال دو اور دو چار کی طرح بالکل آسان ہے مگر پھر بھی ان سے حل نہیں ہو رہا اگر یہ حل نہیں ہو رہا تو عوام سمجھنے پر مجبور ہے کہ ہم انہیں کیوں ووٹ دیتے رہے۔ آج کل نئی آئینی ترمیم کا بڑا شور ہے کہ نئی آئینی ترمیم کی جا رہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے نواسے بلاول بھٹو نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے نئی آئینی ترمیم میں شامل شقوں کے حوالے سے قوم کو بتا دیا ہے۔ اب پیپلز پارٹی اس آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے گی یا نہیں یہ کہنا قبل از وقت ہے۔ اس موجودہ آئینی ترمیم میں جو کی جا رہی ہے اس میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن کے کچھ مرکزی لیڈروں کو خبروں کے مطابق اعتراض بھی ہے۔ اس نئی آئینی ترمیم میں مجسٹریٹی نظام کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
پاکستان میں 2001 تک مجسٹریٹی نظام ایک ضلع انتظامیہ پر مبنی عدالتی و انتظامی ڈھانچہ تھا۔ ڈپٹی کمشنر کے ماتحت ایگزیکٹو مجسٹریٹ، جوڈیشل مجسٹریٹ ہوا کرتے تھے۔ ایگزیکٹو مجسٹریٹ امن و امان، عوامی شکایات، جرائم کی ابتدائی سماعت اور چھوٹے تنازعات حل کرتے تھے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ فوجداری مقدمات کی سماعت کرتے تھے۔ 2001 میں پرویز مشرف مرحوم کے دور میں لوکل گورنمنٹ آرڈر کے ذریعے ایگزیکٹو اور جوڈیشل اختیارات الگ کر دیے گئے یعنی انتظامیہ اور عدلیہ تقسیم کر دی گئی۔ ایگزیکٹو اور عدلیہ کے اختیارات ایک ہی ہاتھ میں ہونے سے قانونی ماہرین کے مطابق درست نہیں ڈپٹی کمشنر یا مجسٹریٹ اکثر حکومتِ وقت کے دباؤ میں فیصلے کرتے تھے ماضی میں بہت سے کیسز میں مجسٹریٹ نظام عوامی حقوق کی خلاف ورزی کا باعث بنے۔ آج بھی آدھا تیتر اور آدھا بٹیر کے مترادف ہے۔ آزاد کشمیر میں مجسٹریٹی نظام جزوی طور پر اب بھی موجود ہے جبکہ اسلام اباد میں بھی مجسٹریٹی نظام موجود ہے۔
آزاد کشمیر میں پچھلے دنوں امن و امان کے مسائل اور احتجاجی واقعات دیکھے گئے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ صرف مجسٹریٹی نظام ہونا کافی نہیں۔ یہ نظام عمل درامد، شفافیت اور قانون کی غیر جانبداری کے بغیر موثر نہیں ہو سکتا۔ کوئی تسلیم کرے یا نہ کرے وطن عزیز میں جہاں پولیس، عدلیہ اور انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی کمزور ہے ایک متوازن ہائبرڈ ماڈل زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ مثلا چھوٹے جرائم یا امن و امان کے معاملات میں ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے محدود اختیارات جبکہ عدالتی فیصلے مکمل طور پر جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس ہوں۔ اصل مسئلہ نظام کی بحالی نہیں بلکہ اس کی دیانت دارانہ عملداری ہے۔








