غیر قانونی سفر،اٹلی جاتے ہوئے لیبیا میں حادثہ، 6 پاکستانی جاں بحق
سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض)لیبیا میں المناک حادثہ،6 پاکستانی نوجوان جل کر جاں بحق، سمبڑیال کے دو نوجوان شامل
تفصیل کے مطابق لیبیا کے شہر زوارہ کے مشرقی علاقے میلیٹا میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں چھ پاکستانی نوجوان جل کر جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کی کار تیز رفتاری کے باعث سڑک لیول کرنے والی ایک موٹر گریڈر سے جا ٹکرائی۔ تصادم کے فوراً بعد کار میں آگ بھڑک اٹھی جس سے تمام مسافر جان کی بازی ہار گئے۔ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں میں سے دو کا تعلق سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال کے نواحی گاؤں دوبرجی چندا سنگھ سے ہے، جن کی شناخت عمر اللہ رکھا اور ملک عادل رفیق کے ناموں سے ہوئی ہے۔
معلومات کے مطابق یہ نوجوان 31 اکتوبر کو فیصل آباد ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ سعودی عرب پہنچنے پر انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی اور کچھ دن وہاں قیام کے بعد لیبیا چلے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان نوجوانوں کا ارادہ غیر قانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جانے کا تھا تاہم ان کا یہ سفر المناک حادثے کی وجہ سے ختم ہو گیا۔
عمر اللہ رکھا اور ملک عادل رفیق کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوان بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرون ملک گئے تھے۔ ان کے اہل خانہ شدید صدمے میں ہیں
لیبیا میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے پاکستانیوں کے حوالے سے اس حادثے نے ایک بار پھر اس خطرناک راستے پر جانے والوں کی مشکلات کو نمایاں کر دیا ہے۔