اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)دو المناک ٹریفک حادثات، خواتین و بچے سمیت 5 افراد جاں بحق، 3 زخمی

تفصیل کے مطابق ضلع بہاولپور کی تحصیل احمدپور شرقیہ اور تحصیل حاصلپور میں پیش آنے والے دو ہولناک ٹریفک حادثات نے پانچ قیمتی جانیں نگل لیں، جن میں خواتین، بچے اور نوجوان شامل ہیں، جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثات کی بنیادی وجوہات تیز رفتاری، اوورٹیکنگ اور غفلت پر مبنی ڈرائیونگ تھیں۔

پہلا حادثہ احمدپور شرقیہ میں چوک بھٹہ روڈ پر موچیاں والی سولنگ کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے آمنے سامنے تصادم سے ایک نوجوان محمد فیروز ولد اللہ وسایا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ حادثے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے جن کی شناخت تنویر ولد منیر، محمد فاروق ولد محمد عزیز اور مبین ولد واحد کے طور پر ہوئی۔ تمام زخمیوں اور جاں بحق نوجوان کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دوسرا حادثہ تحصیل حاصلپور میں چشتیاں روڈ پر کاتاریاں چیک پوسٹ کے قریب بہاولنگر سے بہاولپور جانے والی طاہر کوچ (CIL-5033) نے اوورٹیکنگ کے دوران سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ نتیجے میں بائیک سوار کوچ کے نیچے آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

جاں بحق افراد کی شناخت نسیم مائی زوجہ ارشاد، 50 سال،انور بی بی زوجہ رزاق، 30 سال،حسین ولد یوسف، 8 سال (کم سن بچہ)،بلال احمد ولد رزاق، 24 سال

تمام لاشوں کو THQ ہسپتال حاصلپور منتقل کر کے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے دونوں حادثات پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

Shares: