پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے علیحدہ علیحدہ ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

سیالکوٹ میں بڈیانہ روڈ پر دو تیز رفتار کاروں نے مبینہ طور پر ریس کے دوران رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی اور ان کا کزن شامل ہے، جبکہ حادثے کے بعد دونوں کاروں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔

چارسدہ کے ترنگزئی بائی پاس پر اسکول وین اور ٹرک میں تصادم ہوا جس میں دو طالب علم جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے۔ زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بھکر میں ایم ایم روڈ پر مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔

صوابی کے شیوہ اڈہ چوک میں دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اوور اسپیڈنگ اور لاپرواہ ڈرائیونگ حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔

Shares: