سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ سے ہیڈ مرالہ جانے والی سڑک پر ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں، جس کی وجہ سے روزانہ قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ گوہد پور سے لے کر ہیڈ مرالہ تک، ڈیمپر اور اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں اس طرح بے قابو ہو کر چلائی جا رہی ہیں جیسے یہ سڑک صرف انہی کی ملکیت ہو۔ ان بھاری گاڑیوں کی لاپرواہی سے کئی خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو چکے ہیں۔

عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ٹریفک پولیس کی غفلت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی مصروف شاہراہ ہے، لیکن ٹریفک پولیس کی عدم توجہی کے باعث ڈیمپر اور ٹریکٹر ٹرالی مافیا نے اسے "حادثات کی گلی” بنا دیا ہے۔

شہریوں نے ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ گوہد پور سے ہیڈ مرالہ تک ٹریفک اہلکاروں کو مستقل بنیادوں پر تعینات کیا جائے تاکہ بھاری گاڑیوں کی نگرانی ہو سکے اور عام شہریوں کی جانیں محفوظ رہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد نہ کرایا گیا تو حادثات کا یہ سلسلہ کبھی ختم نہیں ہو گا۔

اس کے علاوہ، اوور لوڈنگ بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ ٹریکٹر ٹرالی اور ڈیمپر والے مقررہ حد سے کئی گنا زیادہ سامان لے کر سڑک پر دوڑاتے ہیں، جس سے نہ صرف حادثات ہوتے ہیں بلکہ سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جو جانیں اب تک ضائع ہو چکی ہیں وہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، لیکن اگر انتظامیہ نے بروقت ایکشن لیا تو مزید ہونے والی اموات کو روکا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی زندگی سب سے قیمتی ہے اور اس کی حفاظت سب سے اہم ہے۔

Shares: