اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) احمدپور شرقیہ کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں تیزاب گردی کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں 45 سالہ محنت کش خاتون شاہینہ بی بی اور اس کی 11 سالہ بیٹی مسکان پر رات کی تاریکی میں تیزاب پھینک دیا گیا۔ واقعہ 20 فروری کو رات 11 بجے پیش آیا جب ماں اور بیٹی اپنے گھر میں سو رہی تھیں۔

تیزاب گردی کے نتیجے میں شاہینہ بی بی بری طرح جھلس گئیں اور انہیں تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا، جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں جبکہ 11 سالہ مسکان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈی پی او بہاولپور سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ والدہ زرینہ بی بی کی مدعیت میں ایک نامزد اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

متاثرہ خاتون کے والد غلام یٰسین نے آبدیدہ ہو کر بتایا کہ ان کی بیٹی کو اس کے شوہر مجاہد اور اس کے بہن بھائیوں کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی تھیں کہ "ہم تمہیں زہر دے دیں گے” اور ان پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ 10 مرلہ پلاٹ ان کے نام کروائیں اور رقم حوالے کریں۔

متاثرہ خاتون کے 14 سالہ بیٹے زبیر کا بھی کہنا ہے کہ اس کی والدہ کو مسلسل دھمکایا جا رہا تھاجبکہ واقعے کے بعد بھی گواہوں کو ملزمان کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہسپتال میں بھی شاہینہ کی جان کو خطرہ لاحق ہے لہٰذا وہاں سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے اور میرٹ پر فیصلہ کیا جائے گا جبکہ سماجی و سیاسی حلقوں نے تیزاب گردی کے اس اندوہناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: