اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ فیصل آباد روڈ اور چرچ روڈ پر عارضی تجاوزات قائم کرنے والی متعدد دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ دکانوں کے سامنے رکھا گیا تجاوزات کا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور عوامی راہداری میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کریں، ورنہ ان کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عارضی تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالتی ہیں بلکہ شہریوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بنتی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Shares: