ڈیرہ غازی خان :بی ایم پی کمانڈنٹ کا ایکشن ،ٹرائیبل ایریا میں جرائم پیشہ عناصر کےخلاف شکنجہ کس دیا

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر) کمانڈر بارڈر ملٹری پولیس، اسد خان چانڈیہ نے جرائم پیشہ افراد کے لیے سخت پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹرائبل ایریا میں مقیم عوام اور سیاحوں کو امن و امان کے حوالے سے پریشان کرنا فوراً بند کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی شخص ٹرائبل ایریا کے کسی بھی تھانے کی حدود میں چوری، ڈکیتی یا دیگر جرائم میں ملوث پایا گیا تو اس کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی۔

کمانڈر اسد خان چانڈیہ نے مزید کہا کہ تھانہ لوپھانی دف کی حدود میں کسی دوکاندار یا شہری کی چوری کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی جائے۔ اگر کوئی بارڈر ملٹری پولیس افسر تعاون نہیں کرتا، تو براہ راست مجھ سے رابطہ کریں، ہم چوروں، ان کے سہولت کاروں اور غیر فعال پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرائبل ایریا کے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ بارڈر ملٹری پولیس کی اولین ترجیح ہے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ کسی کو بھی ٹرائبل ایریا کا امن بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کمانڈر چانڈیہ نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

آخر میں انہوں نے متاثرہ شہریوں کو یقین دلایا کہ جن کا کوئی نقصان ہوا ہے وہ فوری طور پر تھانے میں رپورٹ درج کروائیں، چوروں کو پکڑ کر ان سے ریکوری کروائی جائے گی اور شہریوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

Comments are closed.