اداکارہ نرگس پر جائیداد ہتھیانے کیلئے شوہر کا تشدد، مقدمہ درج
لاہور (باغی ٹی وی) اداکارہ نرگس پر جائیداد ہتھیانے کیلئے شوہر کا تشدد، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے
تفصیلات کے مطابق ایڈن سٹی لاہور میں اداکارہ نرگس پر جائیداد کے تنازعے میں تشدد اور دھمکیوں کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔اداکارہ نے تھانہ ڈیفنس میں شکایت درج کروائی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اداکارہ کے مطابق یکم نومبر 2024 کی صبح 5:30 بجے نماز کے بعد ماجد بشیر نامی شخص جوکہ اس کا شوہر ہےنے اس سے جائیداد کے کاغذات اور رقم کا مطالبہ کیا۔ انکار پر اس نے مجھ پر حملہ کیا، میرے منہ پر مارا، بالوں سے گھسیٹا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ ماجد بشیر اس سے پہلے بھی تین بار اس پر تشدد کر چکا ہے اور اس کے ایک پلاٹ پر قبضے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں
اداکارہ نرگس پر شوہر کا مبینہ طور پربہیمانہ تشدد
اداکارہ نرگس کی طرف سے کرائی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق یہ کہ سائلہ 58/59 بلاک A ایڈن سٹی لاہور کی رہائشی اور کینیڈین نیشنل ہے۔ آج مورخہ 1/11/2024 کو صبح 5:30 بجے نماز اور قرآن سے فارغ ہوئی تو ماجد بشیر انسپکٹڑ حسب معمول پہلے کی طرح جائیداد کے کاغذات اور بھاری رقم کا مطالبہ کرنے لگا۔ اس نے کہا کہ وہ آفتاب اقبال کی سابقہ بیوی مریم کو اس گھر میں لانا چاہتا ہے اور فارم ہاؤس کو اپنے نام کروانا چاہتا ہے۔ انکار پر ماجد بشیر نے اپنے سرکاری پسٹل سے میرے منہ پر بار بار وار کیے، جس سے میرا چہرہ خون میں لت پت ہوگیا۔ اس نے پسٹل کی نالی میرے منہ میں رکھ کر دھمکی دی کہ وہ مجھے جان سے مار دے گا۔ جان بچانے کے لیے جب میں گھر سے باہر نکلی تو اس نے مجھے بالوں سے گھسیٹ کر زمین پر گرا دیا اور جان سے مارنے کی نیت سے ٹھوکریں ماریں۔
بعد ازاں اس نے مجھے اندر کمرے میں بند کر دیا اور دھمکیاں دیں کہ اگر تم نے فارم ہاؤس اور جائیداد میرے نام نہ کی، سونا اور بھاری رقمیں نہ دیں اور اپنی بہن اور والدہ کی جو امانت میرے پاس ہے، اس کی واپسی کا مطالبہ کیا تو میں تمہیں قتل کر دوں گا۔ اس نے کہا کہ تمہارا قتل تمہارے مخالفین پر ڈال دوں گا۔
واضح رہے کہ مذکورہ شخص پہلے بھی تین بار مجھے قتل کی نیت سے تشدد کر چکا ہے اور میرا 9 کنال کا پلاٹ بھی ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ اب مزید ظلم برداشت نہیں کر سکتی۔ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے میرا میڈیکل کروایا جائے اور جان کا تحفظ فراہم کیا جائے۔
تھانہ ڈیفنس کی پولیس نے اداکارہ کی شکایت پر ملزم ماجد بشیر کے خلاف زیر دفعہ 506 اور 354 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔