ٹک ٹاکرسامعہ حجاب کیس میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے-

سامعہ حجاب اور ملزم حسن زاہد کے درمیان صلح ہوچکی ہے تاہم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں آج ملزم کی ضمانت کی درخواستوں پر باقاعدہ سماعت نہ ہوسکی،جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود کی عدالت میں حسن زاہد کی جانب سے دونوں مقدمات میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی،عدالت نے ان درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 15 ستمبرتک ملتوی کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق سامعہ حجاب اورحسن زاہد کے درمیان صلح ہوچکی ہے اور ٹک ٹاکر سامعہ حجاب جلد ہی عدالت میں بیان حلفی اوراپنا بیان ریکارڈ کرائیں گی تاہم آج سماعت ملتوی ہونے کے باعث صلح نامہ عدالت میں جمع نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ حسن زاہد کے خلاف تھانہ شالیمار میں اغوا، دھمکیوں اوردیگرسنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، گزشتہ دنوں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرشیئرکی تھی۔

سامعہ حجاب نے یہ بھی کہا تھا کہ ملزم انہیں کئی دنوں سے ہراساں کر رہا ہے اورشادی کی پیشکش کررہا ہے، انہوں نے خدشہ ظاہرکیا تھا کہ ان کی زندگی کو خطرہ ہے اورحکام و پولیس سے مدد کی اپیل کی تھی’میری دوست ثنا یوسف بھی ایک نہ کے سبب اپنی جان گنوا بیٹھی ہے، اس لیے میری حفاظت کو یقینی بنایا جائے-

Shares: