وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایشیائی ترقیاتی بینک پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے ایک جدید اور مؤثر عدالتی معلوماتی نظام تیار کرے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان مشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس کی قیادت سینئر ڈائریکٹر طارق نیازی کر رہے تھے۔احسن اقبال نے اس موقع پر پولیس کے لیے ایک جامع معلوماتی نظام کے قیام کی سفارش کی، جو ملک کے تمام 1500 پولیس اسٹیشنوں کو آپس میں منسلک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام میں ہر پولیس اسٹیشن کے دائرہ کار اور آپریشنز کی مکمل تفصیلات شامل ہوں گی، جو پولیس کے کام کو مزید شفاف اور مؤثر بنائے گا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹیکنالوجی کو اس طرح سے استعمال کیا جائے کہ نظام میں موجود تضادات اور خامیاں بے نقاب ہوں اور انسانی مداخلت کی گنجائش ختم ہو سکے۔وزیرِ منصوبہ بندی نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مطالبہ کیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے شدید معاشی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے رعایتی مالی امداد کی حد میں اضافہ کرے، تاکہ ملک ان چیلنجز کا بہتر طور پر سامنا کر سکے۔

احسن اقبال نے پاکستانی معیشت میں برآمدات کے فروغ کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا اور اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک سے تعاون کی درخواست کی تاکہ برآمدات میں اضافے کے لیے ایک مربوط پروگرام کا آغاز کیا جا سکے۔

Shares: