ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 540 ملین ڈالر کے دو منصوبوں کی منظوری دی-

جمعے کو ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 540 ملین ڈالر کے دو منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں ایک رزلٹ بیسڈ لون پروگرام اور سندھ میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق بڑا منصوبہ شامل ہے۔

ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ 400 ملین ڈالر کا رزلٹ بیسڈ لون پروگرام سرکاری اداروں کی گورننس اور کارکردگی بہتر بنانے پر فوکس کرے گا، اس پروگرام میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی ری اسٹرکچرنگ اور کمرشلائزیشن بھی شامل ہے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال میں اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز (ایس او ایز) کی اصلاحات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ 2023 میں ایس او ایز ایکٹ اور پالیسی کا نفاذ اہم سنگِ میل رہا، اصلاحاتی عمل کے نفاذ کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

اے ڈی بی کے مطابق 140 ملین ڈالر سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پروجیکٹ کے لیے منظور کیے گئے ہیں، جس سے پانچ لاکھ افراد براہِ راست مستفید ہوں گے منصوبے کے تحت 1 لاکھ 50 ہزار ہیکٹر زرعی زمین کو سیلابی خطرات سے تحفظ ملے گا اور 22 ہزار ہیکٹر جنگلات کی بحالی کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے،یہ منصوبہ غذائی تحفظ، حیاتیاتی تنوع اور مجموعی ماحولیاتی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا منصوبے کے لیے گرین کلائمٹ فنڈ کی 20 ملین ڈالر گرانٹ اور 20 ملین ڈالر کنسیشنل لون کے ذریعے کو-فنانسنگ بھی کی جائے گی۔

قبل ازیں عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 40 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق رقم پانی، صفائی اور بنیادی حفظانِ صحت کے منصوبوں کے لیے استعمال ہوگی رقم صوبہ پنجاب میں شہروں میں صفائی اور پانی کی سہولیات کے لیے خرچ ہوگی،پی آئی سی پی پروگرام پنجاب کے 16 شہروں میں شروع کیا جائےگا۔ پروگرام سیوریج سسٹمز،پانی کے ٹریٹمنٹ پلانٹس کی بہتری اور بحالی میں مدد کرے گا۔

عالمی بینک کے مطابق منصوبہ صحت اخراجات میں کمی اور پانی سے پیدا بیماریوں میں کمی لائے گا، مقامی حکومتوں کی استعداد کار اور ریونیو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی، منصوبہ شہروں کو سیلاب و خشک سالی کے مقابلے کیلئے زیادہ مضبوط بنائے گا، شہروں کی پائیدار ترقی اور ماحول دوستی کے اہداف میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ منصوبے میں خواتین کیلئے نئی بھرتیاں اور فیصلہ سازی میں نمائندگی کو ترجیح دی جائے گی، خواتین کیلئے سکل ڈویلپمنٹ اور جینڈر کمپلینٹ ڈیسک قائم کئے جائیں گے، گھریلو سطح پر بہتر صفائی و صحت کے لیے آگاہی مہمات منصوبہ کا حصہ ہے، نجی شعبے کی سرمایہ کاری پانی و صفائی کے شعبے میں متحرک کرنے کا ہدف ہے، منصوبہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور ستھرا پنجاب پروگرام کی معاونت کرے گا، صحت مند کمیونٹیز اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

Shares: