برآمد کنندگان کے لیکویڈیٹی مسائل کے حل سے برآمدات میں اضافہ سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا،
برآمدات میں اضافہ کیلئے دنیا بھر کی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے، زونل چیئرمین پرگمیا

 لاہور، ادیب اقبال شیخ زونل چیئرمین پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وزارت تجارت کی طرف سے ٹیکسٹائل کے شعبے کے لیے 1.78ارب کی رقم جاری کرنے کو  خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ برآمدکنندگان کی رکی ہوئی لیکویڈیٹی کی وجہ سے برآمد کنندگان جو سرمائے کی کمی کا شکار ہیں وہ اب دلچسپی سے ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے کوشاں ہونگے۔۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں اضافہ کیلئے دنیا بھر کی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اس ضمن میں بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں موجود ٹریڈ آفیسر کو فعال کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک پاکستانی اشیاء کی نمائشوں کا اہتمام کریں اور بیرونی ملک پاکستانی اشیاء کی کھپت کیلئے سرمایہ کاروں سے اپنے رابطوں کو مستحکم بنائیں۔برآمدات میں اضافہ سے ہی ملکی صنعتیں ترقی کرینگے نیز زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے حکومت کو مزید قرضوں سے نجات ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈمیڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ادیب اقبال شیخ نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبہ کے برآمد کنندگان کے لیکویڈیٹی مسائل کے حل سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا او ر برآمد کنندگان خوشدلی سے ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے سرگرم عمل ہونگے۔انہوں نے کہا کہ   ایشیاء کی بڑی معاشی قوت بننے اور ملک میں معاشی استحکام کیلئے برآمدات بڑھانے کیلئے بھر پور اقدامات کی ضرورت ہے۔بہت سے شعبے ایسے ہیں جنہیں فروغ دے کرپاکستان کی معیشت مستحکم کی جاسکتی ہے لیکن ماضی کے ادوار پر ان پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی۔موجودہ حکومت ان شعبوں پر توجہ مرکوز کرکے ملکی برآمدات میں اضافہ کرے۔

Shares: