راولپنڈی میں واقع اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کے وکلاء رہنماؤں نے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد وکیل انتظار پنجوتھہ نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اس بات کا خدشہ ہے کہ انہیں ملٹری کورٹس میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔انتظار پنجوتھہ اور ان کے ہمراہ وکیل علی اعجاز بٹر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات کے دوران عمران خان کے مختلف کیسز پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملٹری کورٹس کے حوالے سے دی گئی درخواست پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری استدعا تھی کہ ہماری درخواست کی سماعت فوری طور پر کی جائے، لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست پر اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔
انتظار پنجوتھہ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کسی سویلین کا کیس ملٹری کورٹ میں نہیں چلایا جا سکتا۔ عمران خان نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ایک سابق وزیر اعظم کو ملٹری کورٹ میں لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وکیل رہنما نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے نیب ترامیم سے متعلق فیصلے کی جلد سماعت کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں، ملاقات میں القادر ٹرسٹ کیس اور مخصوص نشستوں کے کیسز پر بھی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ بھی جلد ہونا چاہیے۔

Shares: